بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے اسکواڈ کا حصہ رویندرا جڈیجا نے سیاست کے میدان میں قدم رکھ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رویندرا جڈیجا نے بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو جوائن کرلیا ہے۔ جڈیجا کی سیاست میں شمولیت کا اعلان بھارتی آل راؤنڈر کی اہلیہ ریوابا جڈیجا نے کیا، جو خود بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔
اس سے قبل کرتی آزاد، محمد اظہر الدین، نوجوت سنگھ سدھو، محمد کیف، چیتن چوہان، ونود کامبلی اور منوج پربھارکر سمیت کئی بھارتی کرکٹرز سیاست کا رُخ اختیار کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ رویندرا جڈیجا بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 72 ٹیسٹ میچوں میں 3 ہزار سے زائد رنز اور 294 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ون ڈے میں انہوں نے 197 میچ کھیلتے ہوئے 2 ہزار 756 رنز بنائے اور 220 وکٹیں لیں۔