0

ملک میں آبادی بڑھنے کا بم پھٹ چکا، کنٹرول کرنا ہوگا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں آبادی بڑھنے کا بم پھٹ چکا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے ساتھ آبادی کو کنٹرول کرنا ہو گا۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک سے موسمیاتی تبدیلی کی فنانسنگ کے لیے مؤثر منصوبے بنانے ہوں گے۔ رواں ماہ کے اختتام تک آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کی منظوری کے بعد کلائمیٹ فنانسنگ پر بھی بات کی جائے گی۔ اکتوبر میں سالانہ میٹنگ کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے کلائمیٹ فنانسنگ پر بات ہو گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کی مانیٹرنگ کو بہتر بنایا جائے گا۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں پر مبنی پالیسیاں بنانا ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بجٹ، ٹیکس اقدامات، انرجی سیکٹر اور معیار زندگی بہتر بنانی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply