ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے حالیہ دورہ چین میں طے پائے معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم کا کہناتھاکہ چینی اعلی قیادت نے پاکستانی وفد کے حالیہ دورے کے دوران مثالی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا،چین دنیا کی ایک مضبوط معیشت بن کر ابھرا ہے، پاکستان چین کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے،چین سے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مواصلات، معدنیات وکان کنی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے،ان شعبوں میں پاک چین تعاون کے فروغ سے معاشی ترقی، علاقائی روابط کی مضبوطی اور دونوں مملک کے تعلقات مزید گہرے ہونگے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ دورہِ چین کے دوران طے شدہ معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا، چین میں طے پائے تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کی خود نگرانی کرونگا۔
اجلاس حاضرین کو بریفنگ دی گئی کہ حال ہی میں چینی جوتا ساز کمپنیوں کے ایک وفد نے پاکستان میں اپنے کارخانے منتقل کرنے کے حوالے سے پاکستان کا دورہ کیا،اس شعبے میں چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں 5 سے 8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی استعداد موجود ہے،پاکستان جوتا ساز کمپنیوں کی ایسوسی ایشن چینی کمپنیوں کے ساتھ ان کے کارخانے پاکستان میں منتقل کرنے کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ زرعی شعبے کی 12 معروف چینی کمپنیاں رواں برس پاکستان میں منعقد ہونے والے فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو میں بھی بھرپور حصہ لیں گی،وزیرِ اعظم نے زرعی شعبے میں جدید تربیت کیلئے پاکستان سے ایک ہزار طلبہ کو سرکاری وظیفے پر چین بھیجنے کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر چین بھیجا جائے، بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے طلبا و طالبات کو پروگرام میں خصوصی ترجیح دی جائے،چین میں جدید زرعی تربیت کیلئے طلبا کو آئندہ تعلیمی سمیسٹر سے ہی بھیجنے کا آغاز کیا جائے۔
وزیراعظم کے دورہِ چین کے دوران طے پانے والے معاہدوں کے نتیجے میں 100 سے زائد چینی کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے رابطے میں ہیں،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے ہواووے کی جانب سے 3 لاکھ طلبا کی فنی تربیت، کاروبار کی سہولت کیلئے ون اسٹاپ آپریشن اور اسمارٹ گورننس و اسمارٹ سٹی پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی واپڈا کو داسو اور دیامر بھاشا پر چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے سیف سٹیز کے قیام کی ہدایت،وزیراعظم نے ان منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دے دی۔
وزیراعظم کو پاکستان میں چین کی جانب سے مختلف مواصلاتی ڈھانچے، بجلی اور گوادر میں منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گوادر کو خطے میں تجارتی راہداری کا مرکز بنانے کیلئے گوادر بندرگاہ، گوادر ہوائی اڈے اور گوادر صنعتی زون کی ترقی کیلئے اقدامات کو تیز کیا جائے،چینی شمسی پینلز اور آلات بنانے والی کمپنیوں سے پاکستان میں انکے کارخانے منتقل کرنے کیلئے مذاکرات میں تیزی لائی جائے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا جام کمال خان، عطا اللہ تارڑ، عبدالعلیم خان، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔