روزنامہ جنگ کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں بتایا کہ کل پارٹی رہنماؤں کو بلایا تھا، انہیں نہیں ملنے دیا گیا۔ ملاقات کے لیے آئی ان کی ٹیم 3 گھنٹے تک اڈیالہ جیل کے باہر اور وہ اندر ان کا انتظار کرتے رہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ سپرنٹینڈنٹ نے جیل میں بیٹھے فوجی افسر کے منع کرنے پر ان کی ملاقات نہیں کروائی۔ میں بھوک ہڑتال کرنے کے بارے میں مشاورت کر رہا ہوں اگر مجھے انصاف نہ ملا تو میں بھوک ہڑتال کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال ہونے والا ہے مجھے چکی میں ٹھہرایا ہوا ہے، سخت گرمی کے باوجود میں اس کی شکایت نہیں کروں گا۔ میں وقت کے یزید کی کبھی غلامی نہیں کروں گا، جیل میں مرنے کے لیے تیار ہوں۔ جب تک زندہ ہوں میں یہ جنگ لڑوں گا میں لا الہ الا اللہ کہنے والا ہوں۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات نہ ہونے پر پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ ساتھ ہی پی ٹی آئی رہنماؤں کو اندرونی اختلاف عوام میں لانے سے روک دیا ہے۔









