سموگ کی اوسط شرح 414 ریکارڈ کی گئی ہے، ڈی ایچ اے فیز 8 کا اے کیو آئی 714، سید مراتب علی روڈ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 613 پر پہنچ گیا ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح گزشتہ روز کی نسبت کم ہے مگر صورتحال تاحال تشویشناک قراردی جارہی ہے۔
بچوں کو آلودہ فضا سے بچانے کے لیے آج سے 9 نومبر تک لاہور کے پرائمری سکولوں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ محکمہ ماحولیات نے جمعہ اوراتوار کو لاہور میں ہیوی گاڑیوں کی انٹری پر پابندی عائد کر دی۔
ادھر سموگ میں کمی کے لئے شملہ پہاڑی کے اطراف گرین لاک ڈاؤن پر عملدرآمد جاری ہے، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، ایمپرس روڈ، کشمیر روڈ اور ڈیورنڈ روڈ پر گرین لاک ڈاون لگایا ہے، موٹرسائیکل چنگ چی رکشہ کے داخلوں پر بھی پابندی لگائی گئی۔
مذکورہ شاہراہوں پر بیریئرز لگا کر ٹریفک وارڈنز خصوصی ڈیوٹی پر موجود ہیں، کھلی جگہ پر بغیر چھڑکاؤ جھاڑو لگانے پر پابندی ہے جبکہ باربی کیو شاپس بھی رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔
گرین لاک ڈاؤن کے باعث شملہ پہاڑی نادرا آفس کے باہر بڑی پارکنگ بھی ختم کر دی گئی، ایک ماہ کے لئے نادرا پارکنگ کو متبادل کھلی جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 19 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔









