ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے ملنے والے این او سی کی پالیسی میں غیر یقینی کی صورتِحال کی وجہ سے قومی کرکٹرز کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت سوالیہ نشان ہے۔
دسمبر سے شروع ہونے والی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں اس کی تازہ مثال ہے جس میں پاکستان کے اسامہ میر کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی منتخب نہ ہوسکا۔ لیگ کے لیے حارث رؤف، شاداب خان، نسیم شاہ، زمان خان اور فخر زمان کی نامزدگیاں ہوئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز این او سی کے حوالے سے یقینی طور پر کچھ نہ بتا سکے۔ بی بی ایل کی ٹیمیں مکمل ایونٹ یا میچز کی تعداد کے حوالے سے کلیئریٹی چاہتی تھیں۔
بی بی ایل میں ملیبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر حارث رؤف سے بھی دو ٹیموں نے رابطہ کیا تھا تاہم انہیں دو لیگز کھیلنے کے باوجود کلیئریٹی نہ مل سکی۔ ٹیم میں شامل نہ ہونے کی صورت میں وہ تیسری لیگ کے لیے خصوصی اجازت چاہتے تھے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں خراب کارکردگی کے باعث چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کھلاڑیوں کو لیگز کھیلنے کے لیے این او سی دینے سے منع کردیا تھا۔