پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتیں تو مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کیں۔ وہ روتے بھی تھے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس جو گرتے اس کی بھی جھوٹی رپورٹس بنا کر کابینہ میں پیش کی جاتی تھیں اور وہ انہی کی بنیاد پر بیرون ملک گئے۔ بانی پی ٹی آئی کے دور میں معیشت 6 فیصد سے گروتھ کر رہی تھی۔ ایک چلتی ہوئی معیشت کو تباہ کیا گیا جس کا خمیازہ آج بھی بھگت رہے ہیں۔
عمرایوب نے کہا کہ خواجہ آصف کی غلطی نہیں بلکہ وہ کھسک گئے ہیں۔ خواجہ آصف کی اپنی پارٹی کے لوگ ان سے تنگ ہیں۔ ہم صرف اللہ رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں۔ لوگوں سے معافی وہ مانگتا ہے جس نے کوئی غلط کام کیا ہو ہم نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حکم کے مطابق 8 ستمبر کو بھرپور جلسہ کریں گے۔ جنرل باجوہ، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے معیشت کو زمین بوس کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے دور میں 17 سے 18 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر تھے۔ بجلی کا یونٹ 17 روپے کا تھا اور بیرون ملک سے لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج نوجوان باہر جانے کے لیے پاسپورٹ کی لائنوں میں لگے ہوئے ہیں۔ معیشت کی قبر تو انہوں نے کھو دی ہے۔ ہم تو کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی کے حقائق سامنے لائیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائیں دودھ کا دودھ اور پانی پانی کا ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی کے لوگ پر امن ہیں اور ہم آج بھی عدالت کے سامنے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے تو کہا ہے کہ جو لوگ ملوث ہیں ان کو کٹہرے میں لائیں لیکن ثبوت تو دکھائیں۔