نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان کیخلاف بھی انضباطی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر سرگودھا کو ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر گجرات کا بھی تبادلہ کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق نااہلی، لاپرواہی اور احکامات کی خلاف ورزیوں پر ایکشن لیا گیا ہے، سیکرٹری فوڈ پنجاب کے مطابق نا اہل اور سست افسران کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔
سیکرٹری فوڈ معظم اقبال کا کہنا تھا کہ کسی بھی افسر یا عملے کو محکمے کی ساکھ خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی ریلیف کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعلی مریم نواز نے گزشتہ روز اجلاس کے دوران آٹے کے مارکیٹ نرخ منگوا کر سامنے رکھ دیے، محکمہ فوڈ کی بریفنگ میں پیش کردہ ڈیٹا مارکیٹ کے آٹے کے نرخوں سے مختلف تھا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے آٹے کے نرخ کے غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔