0

ہماری تمام توجہ معیشت کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری تمام توجہ معیشت کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔ امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی سفارتخانے میں امریکہ کی آزادی کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے 249ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتا ہوں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ جمہوری روایات اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ جبکہ امریکہ پاکستان کو تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔ جبکہ پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے امریکی منصوبے قریبی تعلقات کے عکاس ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ شروع ہوئی۔ جبکہ 2018 میں پاکستان نے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا تھا۔ اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھایا۔ 90 ہزار سے زیادہ جانیں قربان ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 150 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔ اور انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں۔ پاکستان ہمیشہ امن، استحکام اور خوشحالی کا داعی ہے۔ اور پاکستان نے ہمیشہ امن و ترقی کے لیے کام کیا ہے۔ ہماری تمام توجہ معیشت کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پہلگام کا واقعہ فالس فلیگ تھا۔ اور بھارت کو الزام لگانے سے پہلے پہلگام واقعہ کے شواہد پیش کرنے چاہیے تھے۔ میں نے پہلگام واقعہ کی عالمی سطح پر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ لیکن پہلگام واقعہ پر ہماری شفاف تحقیقات کا مطالبہ رد کیا گیا۔ سنجیدہ پیشکش کا مثبت جواب دینے کے بجائے بھارت نے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشیدہ صورتحال میں بہت تحمل کا مظاہرہ کیا۔ لیکن بھارت نے جارحیت کرتے ہوئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ پھر پاکستان نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی۔ اور ہم نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے۔

یہ بھی پڑھیں: 

شہباز شریف نے کہا کہ امریکی دوستوں نے کشیدگی میں کمی کے لیے رابطہ کیا۔ اور پاکستان نے خطے کے امن اور استحکام کے لیے جنگ بندی کا خیر مقدم کیا امن کے فروغ اور اقتصادی روابط میں اضافے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے دوست ممالک کے بھی مشکور ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر عمل ہو رہا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اور ٹیرف کے مسئلے سمیت تجارت میں اضافے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تجارت، سرمایہ کاری اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply