پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو سولر پینلز کی تنصیب بارے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔
انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ فریقین(عمارت مالکان، سولر وینڈرز اور انسٹالرز) کو فوری ایس او پیز فراہم کرے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سولر سسٹم کی تنصیب صرف اے ای ڈی بی سے منظور شدہ ماہرین سے کروائیں، حساس عوامی عمارتوں جیسے سکول، اسپتال اور دفاتر میں نصب سولر سسٹمز کا فوری جائزہ لیا جائے۔
میونسپل کارپوریشنز اور بلڈنگ اتھارٹیز کو سولر تنصیبات پر ریگولیٹری گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مقامی میڈیا، مساجد، کمیونٹی لیڈرز اور ضلعی اطلاعاتی افسران کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ سولر پینلز کو محفوظ، مضبوط اور سیل بند انداز میں نصب کریں، پینلز کو سٹین لیس اسٹیل نٹ بولٹ اور سپرنگ واشر سے محفوظ طریقے سے جوڑیں،کیبلز کو معیاری ٹائیز سے باندھیں، تار یا عام رسی کا استعمال نہ کیا جائے، انورٹر، بیٹری اور میٹر کو زمین سے اوپر نصب کریں یا پھر بلند جگہ پر رکھیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ نکاسی آب کے راستے بند نہ ہوں،چھت کی صفائی یقینی بنائیں، ژالہ باری سے بچاؤ کیلئے ہائی امپیکٹ ریٹنگ والے سولر پینلز منتخب کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ غیر معیاری سولر پینلز حادثات کا سبب بنتے ہیں۔مذکورہ ہدایات پر عمل کر کے جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔









