0

پنجاب بھر میں ایک لاکھ تک نوکریاں فراہم کریں گے، وزیراعلی پنجاب

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں ایک لاکھ تک نوکریاں فراہم کریں گے، اگر کسی کو ڈومیسائل، ای اسٹام پیپر، میرج سرٹیفکیٹ، طلاق سرٹیفکیٹ کی رجسٹریشن ، پراپرٹی ٹرانسفر، نئی گاڑی کی رجسٹریشن یا گاڑی کے ٹوکن کی ضرورت ہےتو اسے گھر پر یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلی پنجاب نے ”دستک ایپ ”کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پنجاب کے عوام کو گھر کی دہلیز پر خدمت کا خواب دیکھا تھا اور یہ پورا ہو رہا ہے ، پنجاب کے ہر ضلع میں سہولیات فراہم کریں گے ،1500بچوں کو نوکریاں دی گئی ہیں اور70ہزار نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی جبکہ پورے پنجاب میں ایک لاکھ تک افراد کو باروزگار بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 3دن کی ٹریننگ فراہم کر کے نوجوانوں کو ٹرین کیا گیا ، ٹریننگ حاصل کرنے والوں میں لڑکیاں بھی شامل ہیں جو کہ خوش آئند ہے، اس وقت نوجوان ڈگریاں لے کر گھوم رہے ہیں اور انہیں نوکریاں نہیں مل رہیں ، حکومت کی ذمہ داری عوام کی خدمت ہے اور ہم انشااللہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے ۔

ہم عوام کی دہلیز پر ان کو خدمت فراہم کریں گے ، میں نے ہمیشہ دیکھا کہ رمضان میں لوگ لائن میں لگ کر راشن لیتےہیں ، جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اس بار ہم نے رمضان پیکچ دہلیز تک پہنچانے کا فیصلہ کیا تھا ، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار رمضان پیکج لوگوں کی دہلیز پر پہنچایا گیا۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ صحت مند پنجاب ہو گا تو ملک ترقی کرے گا، اس وقت 32 فیلڈ اسپتال دور دراز علاقوں میں کام کر رہے ہیں، عوام کیلئے کنٹینر میں منی اسپتال بنایا گیا ہے جہاں ایکسرے اور لیبارٹری کی سہولیات موجود ہیں، فیلڈ اسپتالوں سے روزانہ 6ہزار لوگوں کا علاج ہورہا ہے۔

کسی چیز کا احساس اور تکلیف کا اندازہ فیلڈ میں جا کر لگایا جا سکتا ہے، اور ہمیں عوام کی تکلیفوں کا بخوبی اندازہ ہے، عوام کی آسانی کیلئے اسپتالوں میں سیڑھیوں کے ساتھ لفٹر بھی لگائے جائیں گے، اس کے علاوہ 200 فیلڈ کلینکس آن ویل گلیوں میں جا کر لوگوں کا علاج کریں گے۔ روزانہ کی بنیاد پر کئی مریضوں کو کینسر اور دل کے علاج کیلئے ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی شہری کو ڈومیسائل، ای اسٹام پیپر، میرج سرٹیفکیٹ، طلاق سرٹیفکیٹ کی رجسٹریشن ، پراپرٹی ٹرانسفر، نئی گاڑی کی رجسٹریشن یا گاڑی کے ٹوکن کی ضرورت ہےتو اسےیہ سہولت گھر پر فراہم کی جائے گی، آپ ہیلپ لائن یا ویب سائٹ پر جا کر اپنی رجسٹریشن کروا کرملاقات کیلئے وقت لیں، ٹیم آپ کے گھر آئے گی اورآپ کو سہولیات فراہم کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply