0

سموگ سے بچاﺅ کے اقدامات: ایندھن کا معیار چیک کرنے کے لئے پنجاب بھر میں گرینڈ آپریشن کا آغاز

دسمبر میں سموگ سے بچاﺅ کے لئے پنجاب حکومت نے موثر پلان آف ایکشن پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا۔

وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ماحول کو بہتر بنانے کے وژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے ماحول کو زہریلے دھوئیں سے پاک کرنے کے لئے ایندھن کا معیار چیک کرنے کے لئے پنجاب بھر میں گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔

پنجاب میں پہلی بار جدید ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے استعمال سے زیادہ دھواں پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اب ناقص اور غیرمعیاری ایندھن کے استعمال کو روکنے کے لئے قانونی اور انتظامی اقدامات کا آغاز کیاگیا ہے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر ماحولیاتی تحفظ ایکٹ پنجاب مجریہ 1997 کے سیکشن چھ ایک ٹی کے تحت حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ حکم نامے کے تحت پورے صوبے میں ہر ماہ ہر پٹرول پمپ پر فروخت ہونے والے ایندھن کا معائنہ ہوگا۔

آئل مارکٹنگ کمپنیوں کے ہمراہ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کا عملہ بھی پٹرول پمپس پر ایندھن کا معائنہ کرے گا۔ محکمہ تحفظ ماحولیات ایجنسی کی فیول کوالٹی لیبارٹریوں سے پٹرول پمپس کے تیل کا کیمیائی تجزیہ ہوگا۔ اوگرا کی طرف سے ایندھن کے طے کردہ معیار کے مطابق جانچ پڑتال ہوگی۔

پنجاب حکومت کے حکم نامے کے تحت قانونی معیار کے مطابق پٹرول اور ڈیزل فروخت نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

وزیراعلی پنجاب نے صوبے بھر میں سموگ سے بچاﺅ اور ماحولیاتی بہتری کے لئے جامع وژن کا اعلان کیا تھا۔ پنجاب ھکومت کے مجوزہ اداروں کی جانب سے ماحولیاتی بہتری کے وژن کے تحت صنعت، زراعت، گاڑیوں ، بھٹوں سمیت تمام شعبوں میں ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں کے اطلاق کی مہم جاری ہے۔

زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹو ں کو پہلے ہی گرایا جاچکا ہے۔ صنعتوں میں زہریلے دھوئیں کی مانیٹرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے اقدامات پر بھی عمل درآمد جاری ہے۔ فصلوں کو تلف کرنے سے پھیلانے والے دھوئیں کے تدارک کے لئے گرفتاریاں بھی ہوچکی ہیں۔

اس سے قبل شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کے حوالے سے بھی پنجاب حکومت اقدامات کرچکی ہے۔ عیدقربان پر پہلی بار لاکھوں خصوصی بیگز بھی عوام میں تقسیم کئے گئے تاکہ آلودگی سے بچا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply