گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سینیٹر ذیشان خانزادہ نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہم نے قومی ہیرو ارشد ندیم کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کی، اس پر تمام سیاسی جماعتوں کے سینیٹرز نے دستخط کیے ہیں۔
سینیٹر ذیشان خانزادہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حق میں بھی اس ایوان میں قرارداد منظور کی جائے۔ عمران خان بھی آکسفورڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا الیکشن لڑ رہے ہیں مگر بدقسمتی سے اس کی مخالفت کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ایک ہندوستانی نژاد برطانیہ کا وزیر اعظم بنتا ہے تو ہندوستان میں خوشیاں منائی جاتی ہیں حالانکہ اس کا ہندوستان کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں تھا۔
اس موقع پر سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے لیگی سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ چانسلر یونیورسٹی کے لیے رول ماڈل ہوتے ہیں۔ اگر ایک چانسلر کے خلاف کسی عدالت کا حکم یا فیصلہ ہو، عدالت سے کرپشن کے مقدمے میں سزا یافتہ ہوں، خواتین کے لباس پر تنقید کرے۔
انہوں نے اپنی بات جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر کوئی طالبان کی حمایت اپنی جماعت کو سیاسی طاقت کے تحت کرے اور اگر کوئی شخص اڈیالہ جیل میں کرپشن کی سزا بھگت رہا ہو، اس کو کس طرح چانسلر منتخب کیا جاسکتا ہے؟