وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ مریم نواز نے پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دے دی۔ صوبائی کابینہ کے فیصلے سے ٹیرف میں 30 سے 40 فیصد تک کمی ہوسکے گی۔
قائداعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں بھی کمی کی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام ن لیگ پر اعتماد کرتے ہیں۔ کیونکہ جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں۔ گندم کے کاشتکاروں کو بہت بڑا پیکج دینے جا رہے ہیں.
اجلاس میں پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو 400 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ اور چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025 کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کی پہلی ”ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی“ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک سال کے اندر ایئر پنجاب شروع کرنے کا ٹارگٹ دے دیا
مریم نواز نے مزدوروں اور کارکنوں کے لیے ”سیفٹی گیئر“ یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ایک ماہ کے اندر ملازمین کے لیے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا ٹارگٹ دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مزدور 5 منزلہ عمارت سے گر کر مر جاتے ہیں۔ اور گٹروں میں صفائی کے لیے اترنے والے ملازمین کو ہر صورت حفاظتی کٹ مہیا کی جائے۔ حکومت خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔
صوبائی کابینہ نے پنجاب کے 9 ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام بڑے شہروں میں جلد چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
لاہور میں پاکستان کا پہلا نواز شریف میڈیکل سٹی قائم کرنے کے لیے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی گئی۔ جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تمام اسکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ہدف دے دیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 40 ارب روپے سے ہر اسکول میں کلاس روم، ٹائلٹ بلاک، فرنیچر اور لیبارٹریز بنائی جائیں گی۔
اٹک ڈسٹرکٹ کورٹس میں حملے میں جاں بحق ہونے والے ورثا کے لیے اسپیشل گرانٹ ان ایڈ اور چھانگا مانگا وائلڈ لائف، لال سونرا، نیشنل پارک میں ایکو ٹورازم کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔
لاہور میں بس شیلٹرز کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ اور ریلوے اسٹیشن پر الیکٹرک بسوں کے لیے ڈپو بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔









