بلوچستان کے ضلع خضدار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے گاڑی تباہ ہوگئی، دھماکے میں خضدار پریس کلب کے صدر مولانا صدیق مینگل جاں بحق ہوگئے۔
ریمورٹ کنٹرول بم سے گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے سے اطراف کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حملہ اس وقت ہوا جب مولانا محمد صدیق مینگل گھر سے نکل کر خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی جامعہ مسجد میں نمازجمعہ پڑھنے جارہے تھے۔
ایس ایچ او غلام مصطفی رند کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد تین ہو گئی ہے، یاد رہے کہ 2023 میں مولانا محمد صدیق مینگل پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا تاہم اس حملے میں وہ محفوظ رہے تھے جبکہ آج کا واقعہ ان کی جان لے گیا۔
خضدار پریس کلب کا یہ تیسرا صدر ہے جسے نشانہ بنایا گیا جب کہ مجموعی طور پر 2009 سے اب تک خضدار پریس کلب کے 10 ارکان جاں بحق ہوچکے ہیں۔