راولا کوٹ کے بعد لوچستان کے ضلع دکی کی سب جیل سے تین قیدی روشندان توڑ کر فرار ہو گئے ، قیدیوں کے فرار پر تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایچ او دکی تھانہ جلیل احمد مری کے مطابق پولیس تھانہ دکی میں قائم سب جیل میں قتل اور ڈکیتوں میں ملوث 13 قیدی قید تھے، ان قیدیوں کو صبح واش روم جانے کیلئے حوالات سے باہر نکالا گیا تھا۔
اس دوران تین قیدی عصمت اللہ ،کبیر اور صدیق لاک اپ کا روشندان توڑ کرفرار ہو گئے ، فرار ہونے والے تینوں قیدی ڈکیتی کے دو مختلف واقعات میں قید تھے، دوقیدیوں کا تعلق پشین جبکہ ایک کا تعلق سنجاوی سے ہے۔
قیدیوں کے فرار ہونے پر تین پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش شروع کر دی تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ،دوسری جانب آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان نے قیدیوں کے فرار کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔









