0

قربانی کی کھالیں کالعدم تنظیموں کو دینے سے اجتناب کریں، پنجاب حکومت

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قربانی کی کھالیں کالعدم تنظیموں کو دینے سے اجتناب کریں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحیٰ کے پیش نظر اہم اقدام کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں اور ان کے ذیلی اداروں کی تفصیلی فہرست جاری کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا۔ کہ وہ قربانی کی کھالیں کالعدم تنظیموں یا ان کے ذیلی اداروں کو ہرگز نہ دیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم تنظیموں کو کسی قسم کی مالی یا مادی معاونت فراہم کرنا قابلِ سزا جرم ہے۔ دہشتگری اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو کسی قسم کی امداد دینا نہ صرف قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔ بلکہ یہ شہریوں کو قانونی گرفت میں بھی لاسکتا ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ قربانی کی کھالیں صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو دیں۔ جن کی تصدیق متعلقہ سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔

فہرست میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کھال صرف ایسے اداروں کو دی جائے۔ جن کے پاس پنجاب چیریٹی کمیشن یا ڈپٹی کمشنر کا جاری کردہ مستند اجازت نامہ موجود ہو۔

محکمہ داخلہ نے شہریوں کو باور کرایا ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں۔ کہ ان کی دی گئی امداد دہشت گردوں کی بجائے حقیقی مستحقین تک پہنچ رہی ہو۔

ترجمان نے بتایا کہ جن تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ ان میں لشکر جھنگوی، سپاہ محمد، جیش محمد، لشکر طیبہ، القاعدہ۔ تحریک طالبان پاکستان، جماعت الدعوۃ، داعش، حزب التحریر، بلوچستان لبریشن آرمی۔ جئے سندھ قومی محاذ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن، الاختر ٹرسٹ، الراشد ٹرسٹ، پشتون تحفظ موومنٹ اور درجنوں دیگر تنظیمیں شامل ہیں۔

تفصیلی فہرست میں کل 70 سے زائد کالعدم تنظیموں اور ان کے ذیلی اداروں کے نام شامل کئے گئے ہیں۔ جنہیں کسی قسم کی مالی یا مادی امداد دینا قانوناً جرم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply