وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی 4.74 پیسے ہی تھی۔ سمری کےحوالے سے مس کمیونی کیشن اور کنفیوژن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ویسے ہمیں ہدایت کر رکھی ہے کہ جتنا ہو سکے عوام کو ریلیف دیں۔ وزیر اعظم تو چاہیں گے کہ پیٹرول 100 روپے سستا ہو جائے۔ میرے سامنے 15 روپے40 پیسے کی کمی کی کوئی ہدایت نہیں آئی۔
مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم نے قیمتوں میں کمی کے حوالے سے پچھلے 7 سے8 روز میں اجلاس کیے۔ پیٹرولیم منصوعات پر مزید ٹیکس لگانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ہم نے 60 روپے کی لیوی لگائی ہوئی ہے جو کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا کے لیے ہمیں ٹیکس تو اکٹھے کرنے ہیں۔ ہم نے ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہے جبکہ اس سال ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ایک مہم چلائی گئی کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں۔ مسئلہ صرف ویڈیو کا نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر جاری مہم بھی بنی ہوئی ہیں۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ یہ جو آپ سر اٹھا کر چل رہے ہیں یہ صرف پاکستان کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہیں کہتے کہ اظہار رائے پر پابندی ہو جبکہ ہماری دفعہ تو نام بھی نہیں لے سکتے تھے۔ نواز شریف اور مریم نواز کا نام بھی کوئی نہیں لےسکتا تھا لیکن ہم تو کہہ رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کے بیان چلائیں مگر سلیقے سے۔
یہ بھی پڑھیں:
وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ہماری خواتین کے مطلق کیا کیا نہیں کہا۔ پی ٹی آئی ملک میں صرف انتشار پیدا کرنا چاہتی ہے اور پاکستان کو دولخت ہونے کی دھمکی نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شہدا کے مجسمے توڑ ے گئے لیکن آپ کس کس چیز کی وضاحت کریں گے؟ میری تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے ملک کو ہماری سیاست میں نہ لایا جائے۔ پی ٹی آئی نے اگر سیاسی بات کرنی ہے تو ہم سے کریں۔
مصدق ملک نے کہا کہ آج وہ کہتے ہیں تم سے بات نہیں کریں گے۔ پھر ہم پوچھتے ہیں کس سے بات کرو گے تو کہتے ہیں ان سے بات کریں گے۔ پوچھتے ہیں ان کون ہے؟ تو کہتے ہیں جن کا میں قبر تک پیچھا کروں گا۔ تم بات کرو گے یا قبر تک پیچھا کرو گے؟
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں گے یا نہیں فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ ابھی بھی ہمارے لوگوں پر نیب کے مقدمات چل رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں نیب ختم ہو جائے اور ساری جماعتیں چاہیں تو نیب ختم ہو سکتی ہے۔