0

مسلح افواج دفاع وطن کیلئے اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کرکھڑی ہیں،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دفاع وطن کیلئے اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ،کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کی موجودہ صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا،کانفرنس میں پاک بھارت کشیدگی اور علاقائی سلامتی زیر غورآئی ۔

آرمی چیف نے مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، ثابت قدم حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا،اس موقع پر آرمی چیف نے کہا مسلح افواج دفاع وطن کیلئے اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔

آرمی چیف نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے اور فعال تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا،مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدیدتشویش کااظہار کیا گیا۔

شرکا نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی افواج ایل او سی کے معصوم شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے،بھارتی فوج کی غیر انسانی اور بلا اشتعال کارروائیاں علاقائی کشیدگی کو بڑھاتی ہیں،بھارتی فوج کی بلا اشتعال کارروائیوں کامؤثر اور مناسب جواب دیا جائے گا۔

بھارت کی جانب سے مستقل طور پر گھڑے جانے والے خود ساختہ بحرانوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، فورم کے شرکا نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے بھارت یکطرفہ چالوں سے اسٹیس کوکو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

پہلگام واقعہ کا مقصد پاکستان کی توجہ مغربی سرحدوں اور اقتصادی بحالی کیلئےجاری کوششوں سے ہٹانا ہے ،کیونکہ ان دو عوامل میں پاکستان فیصلہ کن اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔

بھارت کو اپنی دہشتگرد پراکسیوں کو فعال کرنے میں ناکامی اٹھانی پڑے گی،کور کمانڈرز نے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

شرکا کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انتہائی خطرناک ہے،بھارت پہلگام واقعہ کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچا نے کےدرپے ہے۔

بھارت پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان کے بنیادی آبی حقوق کو غضب کرنے کے درپے ہے،بھارتی اقدام سے پاکستان کی 24 کروڑ آبادی متاثر اور جنوبی ایشیا میں عدم استحکام میں اضافہ ہوگا ۔

کور کمانڈرز نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے گا، جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

شرکا نے پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی فوج کے ملوث ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا،کور کمانڈرز نے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply