سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے ٹانک میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ٹانک میں آپریشن کیا،فائر نگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمدکر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد ، دہشتگردی کی متعدد وارداتوں کے علاوہ جنوبی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ سیشن جج کی اغواکاری میں بھی ملوث تھے۔
قبل ازیں ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ موٹرسائیکل سوار 3 دہشتگردوں نے روکنے کے اشارے پر سکیورٹی فورسز اور پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فورسز کی جوابی فائرنگ سے تینوں حملہ آور ہلاک ہو گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک کیا تھا۔