اسلام آباد: ڈریپ نے الرٹ جاری کیا ہے کہ اسلام آباد کی دوا ساز کمپنی بائیو لیبز کی تیار کردہ دو دوائیں غیر معیاری پائی گئی ہیں، اس لیے انھیں استعمال کرنے سے گریز کریں۔
جاری الرٹ کے مطابق سینٹرل ڈرگ لیب کراچی سے جن دو ادویات کے معیار سے متعلق رپورٹ جاری ہوئی ہے ان میں میبزول اور بائیو رِس شامل ہیں۔
الرٹ کے مطابق میبزول (Mebzole) سسپنشن 100 ایم جی کے دو بیچ اور بائیو رِس (Bioris) اورل سلوشن 1 ایم جی کا ایک بیچ غیر معیاری اور نقصان دہ قرار دیے گئے ہیں۔
ڈمپیریڈون فارمولے کی دوا میبزول قے کے لیے استعمال ہوتی ہے، اس کے دو بیچ 22J022F،B غیر معیاری نکلے ہیں، جب کہ سکیزوفرینیا (ذہنی مرض) کے لیے استعمال ہونے والی دوا بائیو رِس کا ایک بیچ 23B061 غیر معیاری نکلا ہے۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ ایتھیلین گلائیکول کی ان دواؤں میں موجودی خطرناک ہے، کیوں کہ ایتھیلین گلائیکول کی معمولی مقدار جان لیوا ہو سکتی ہے، ڈائی ایتھیلین گلائیکول، ایتھیلین گلائیکول ایک زہریلا مرکب بناتے ہیں، جو دل، گردے، مرکزی اعصابی نظام کے لیے نقصان دہ ہے۔
لیب رپورٹ کے مطابق میبزول کے بیچز میں 1.21، 1.32 فی صد ایتھیلین گلائیکول کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ بائیو رِس کے بیچ میں 0.84 فی صد ایتھیلین گلائیکول کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈریپ نے ان ادویات کی مذکورہ بیچز کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے، اور فارما کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ بیچز کی مارکیٹ سپلائی نہ کرے، اور مارکیٹ میں موجود یہ بیچز واپس منگوائے۔