0

اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام تاریخ کا سب سے بڑا اور سستا رہائشی منصوبہ ہوگا

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور سستا رہائشی منصوبہ ہوگا، جس کا بنیادی مقصد مالی طور پر کمزور طبقے کو رہائش فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے اخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملاقات کی ، مریم نواز نے اخوت کی سماجی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد ثاقب نے وزیراعلی کے بجلی بلوں میں عوامی ریلیف اور “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام پر ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ صوبے بھر میں کم آمدن والے لوگوں کے لیے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے ذریعے ان کے خواب کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لو کا سٹ ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے اور ہر سال اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

مریم نواز نے بتایا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور سستا رہائشی منصوبہ ہوگا، جس کا بنیادی مقصد مالی طور پر کمزور طبقے کو رہائش فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حکومت سبسڈیز فراہم کرے گی اور آسان ماہانہ اقساط مقرر کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا اور ہاؤسنگ پراجیکٹ کے اجرا سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا اور لاکھوں خاندان بہتر زندگی گزار سکیں گے۔ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام ملکی تاریخ کا پہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا جو سود کے بغیر قرضے فراہم کرے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ پروگرام کے تحت تین پلان کے تحت پراجیکٹ لانچ کیے جائیں گے۔

دیہات اور شہروں میں 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا، جسے 14 ہزار روپے ماہانہ اقساط میں واپس کیا جائے گا۔ بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4 منزلہ فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے جنہیں آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے عوام کو فراہم کیا جائے گا۔

پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں میں 3 سے 5 مرلے تک گھر بنا کر دیے جائیں گے، اور ہر گھر کے لیے حکومت 10 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کرے گی۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے مریم نواز کے عوامی مسائل کے حل کے لیے جذبے کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اخوت مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروجیکٹس میں تعاون جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply