0

سمندری طوفان

سمندری طوفان اسنیٰ کا رخ تبدیل ہونے کے باعث کراچی پر اس کے اثرات تقریباً ختم ہو چکے ہیں تاہم محکمہ موسمیات نے ٹراپیکل سائیکلون کا 9 واں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھا، اسنیٰ کراچی کے جنوب مغرب سے 500 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

سمندری طوفان اورماڑہ کے جنوب مغرب سے 350 کلومیٹر جبکہ گوادر کے جنوب سے 260 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، مسقط عمان سے 430 کلو میٹر مشرق، جنوب مشرق میں موجود سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغرب کی طرف بڑھتا ہوا طوفان سمندر ہی میں کمزور پڑ جانے کی توقع ہے، آج شام تک وقفے وقفے سے اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی اور تربت میں گرج چمک تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران 60 سے 70 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب انتظامیہ نے بلوچستان کے ماہی گیروں اور شہریوں کو آج اور کل سمندر کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سندھ کے ماہی گیر آج سے اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply