صدر مملکت آصف علی زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آجر منصفانہ اجرت، مزدوروں کی سلامتی اور صحت کے لیے اقدامات کریں۔ عالمی دن پاکستان کی ترقی کے لیے محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مزدور کے وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پاکستان میں محنت کش طبقے کو مہنگائی، بے روزگاری اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ مزدوروں کے بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات کے اقدامات شروع کیے جائیں اور امید ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ استحصالی طریقوں کے خاتمے اور مزدوروں کے لیے سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ محنت کش پاکستان کی ترقی کے لیے بھی اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں۔ مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہم جلد ہی اس مقصد کے لیے ایک قومی لیبر کانفرنس منعقد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی نے ہمارے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ حکومت خصوصی پروگراموں کے ذریعے کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔