ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 81 فیصد کی کمی ہوگئی جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح صفر اعشاریہ 41 فیصد کی سطح پر آگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 14 اشیاء مہنگی،10 کی قیمتیں کم ہوئیں، بریڈ،مٹن تازہ دودھ،دہی سمیت 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
مہنگی ہونیوالی اشیا
ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 2 روپے 30 پیسے،آلو فی کلو ایک روپے 82 پیسے،انڈے فی درجن 6 روپے 84 پیسے مہنگے ہوئے۔
ہفتہ وار بنیادوں پر پیاز کی فی کلو قیمت میں 95 پیسے کا اضافہ ہوا،ایک ہفتے کے دوران کیلے فی درجن 66 پیسے مہنگے ہوئے،گڑ،سرسوں کا تیل،سگریٹ،دال ماش،چنا بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
سستی ہونیوالی اشیا
گزشتہ ہفتے کے دوران برائلر مرغی فی کلو 39 روپے 69 پیسے سستی ہوئی،ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 84 روپے 35 پیسے سستا ہوا،اسی طرح چینی کی فی کلو قیمت 44 پیسے کم ہوئی،بجلی،خشک دودھ، گھی،گندم کا آٹا اور لہسن بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔









