رپورٹ کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے نادہندگان سے وصولیوں کے لیے انوکھی منطق پیش کر دی۔ کمپنی نے ڈیفالٹرز سے رقوم نکلوانے کے لیے اوگرا سے ایک ارب روپے مانگ لیے۔
سوئی سدرن نے 10 ارب روپے کی وصولیوں کو ایک ارب روپے کی فراہمی سے مشروط کر دیا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے اوگرا کو جمع کرائی گئی درخواست میں منقطع کیے گیے صارفین سے وصولیوں کے لیے 72 کروڑ 10 لاکھ روپے مانگے ہیں۔
ایس ایس جی سی نے رننگ ڈیفالٹرز سے وصولیوں کے لیے 35 کروڑ 90 لاکھ روپے مانگنے کی بھی درخواست دی۔
درخواست میں کہا گیا کہ سوئی سدرن کے زیر انتظام علاقوں میں ڈومیسٹک ڈیفالٹرز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اس لیے محدود وسائل کے باعث ڈیفالٹرز تک نہیں پہنچ سکتے۔
یہ بھی پڑھیں:
کمپنی کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اندرون سندھ اور اندرون بلوچستان میں ڈیفالٹرز تک نہیں پہنچ سکتے۔ ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے بقایاجات میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لیے منقطع کیے جانے والے گیس صارفین سے بھی وصولیوں میں مشکلات ہیں۔ سوئی سدرن واجبات وصولیوں کو آؤٹ سورس کرنا چاہتی ہے۔
اوگرا نے تمام کیٹیگریز کے میٹرز کاٹنے اور ری کنکشنز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ سوئی سدرن کو واجب الادا رقم کی وصولیوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔