24جولائی کو ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 11فیصد کمی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں ایلون مسک کی دولت میں بھی 21ارب 70کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی ہوئی۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کے 21فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا 68فیصد حصہ بھی اسی کمپنی کے حصص سے منسلک ہے،24جولائی کو ٹیسلا کی سہ ماہی آمدنی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل سے جون 2024کے دوران کمپنی کے منافع میں 45فیصد کمی آئی۔
سہ ماہی رپورٹ کے باعث ٹیسلا کے حصص کی قیمتیں متاثر ہوئیں اور ایلون مسک اربوں ڈالرز سے محروم ہوگئے،ایک دن میں دولت میں اتنی زیادہ کمی کے باوجود ایلون مسک اب بھی 241ارب ڈالرز کے مالک ہیں اور بدستور دنیا کے امیر ترین شخص ہیں،ان کی دولت اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود جیف بیزوز سے 37ارب ڈالرز زیادہ ہے۔
جیف بیزوز کے لیے بھی 24جولائی کا دن اچھا نہیں تھا جن کی دولت میں 5ارب ڈالرز سے زائد کی کمی آئی، مگر وہ اب بھی 204ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔
فرانس سے تعلق رکھنے والے برنارڈ آرنلٹ 187ارب ڈالرز کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ مارک زکربرگ 165ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے اور بل گیٹس 157ارب ڈالرز کے ساتھ 5ویں امیر ترین شخص ہیں۔









