0

زرمبادلہ کے ذخائر میں 367 ملین ڈالرز کی کمی

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 367 ملین ڈالرز کی  کمی کے بعد 15.43 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 18 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 10.20 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.23 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 367 ملین ڈالر کی کمی ہوئی ہے،دوسری جانب بینکوں کے ڈیپازٹس، سرمایہ کاری اور قلیل المدتی قرضوں میں مارچ کے دوران سالانہ بنیاد پر اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے ۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مارچ کے اختتام پر بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 31626 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال مارچ کے 28322 ارب روپے کے مقابلے میں 11.7 فیصد زیادہ ہے۔

فروری کے مقابلے میں مارچ میں بینکوں کے ڈیپازٹس میں ماہانہ بنیاد پر 3.8فیصد نمو ریکارڈکی گئی ، فروری میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 30458 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔

مارچ میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 32384 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سا ل مارچ کے 26270 ارب روپے کے مقابلے میں 23.3 فیصد زیادہ ہے۔

فروری کے مقابلے میں مارچ میں بینکوں کی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیاد پر 3.8 فیصد اضافہ ہوا، فروری میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 31213 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔

اعدادوشمار کے مطابق مارچ کے اختتام پر بینکوں کے قلیل المدتی قرضوں کا حجم 13470 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال مارچ کے 11964ارب روپے کے مقابلے میں 12.6 فیصد زیادہ ہے۔

فروری کے مقابلے میں مارچ میں بینکوں کے قلیل المدتی قرضوں میں ماہانہ بنیاد پر 3.6 فیصد کمی ہوئی، فروری میں بینکوں کے قلیل المدتی قرضوں کا حجم 13973 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply