کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونا پھر مہنگا ہوگیا ہے۔
سونے کی فی تولہ قیمت 600روپے اضافے سے 3لاکھ 39ہزار 400روپے کی سطح پر آگئی،اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت 514روپے اضافے سے 2لاکھ 90ہزار 980روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
چاندی کی فی تولہ قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3397روپے کی سطح پر مستحکم رہی ،10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2912روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6ڈالر اضافے سے 3224ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے کی کمی واقع ہوئی تھی۔
سال 2025 میں اب تک فی تولہ سونا 66ہزار8 سو روپے مہنگا ہوچکا ہے ، جبکہ پچھلے سال یعنی 2024 میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 52 ہزار600 روپے اضافہ ہوا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔