موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق خضدار قلات، سوراب ہرنائی نوشکی مستونگ پیشین اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بادل خوب برسے۔ آسمانی بجلی گرنے سے 4 افرد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی ہواؤں کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئے جب کہ کئی علاقوں میں درخت اکھڑ گئے اورکچی دیواریں، سولرپینلز اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔
لیویز کنٹرول روم کے مطابق چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین کے اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا تاہم کسی علاقے سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے کے بعد صوبے میں بارشوں کا یہ سلسلہ 14 اپریل تک جاری رہ سکتا ہے۔
پاراچنارسمیت ضلع کرم کے مختلف مقامات پر بارش ہوئی، بارش سے موسم خوشگوار اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پارا چنار میں بارش کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا جبکہ کوہ سفید اور دیگر پہاڑی چوٹیوں پر برفباری متوقع ہے،پاراچنار میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔