وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جعلی کیسز میں بند کیا گیا ہے، یہ سب بے نقاب ہوں گے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ فارم 47 بنانے والے نے اعتراف کیا تو کہا گیا وہ ذہنی مریض ہے۔ جس کا بھی ضمیر جاگتا ہے تو کہتے ہیں کہ یہ ذہنی مریض ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ڈنڈے کے زور پر منہ بند کر دیں گے، ملک میں سب سے بڑا مینڈیٹ پی ٹی آئی کو ملا، کبھی لندن پلان کبھی کوئی پلان بن جاتا ہے، کچھ لوگ اپنی خواہش پر ملک کو چلائیں گے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم سے ملاقات پر بانی پی ٹی آئی سے کوئی ناراضگی نہیں، وزیرِ اعظم قیادت کر رہے ہیں اس لیے بطور وزیرِ اعلیٰ معاملات انہیں سے چل رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجھ پر جو مقدمات ہیں ان کے مطابق ایک وقت پر 8 ضلعوں میں موجود ہوں اور وہاں کارروائیاں کر رہا تھا، یہ نظام دن بدن خود کو ایکسپوز کر رہا ہے، 6 ججز کے خط پر کمیشن بننا بہت ضروری ہے، ججز کے خط کے بعد چیزیں اوپن ہو چکی ہیں، ہماری جنگ جاری رہے گی، نظام کو پیغام ہے، ملک پر رحم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی جلد باہر ہوں گے اور وزیرِ اعظم بھی ہوں گے۔