دودھ کی پیداوار بڑھانے کی تکنیک سمجھنے اور جدید فارمنگ کے تصور سے متعارف ہونے کیلئے پاکستانی ڈیری فارمرز کا 28 رکنی وفد جرمنی کے شہر ہینوور پہنچ گیا۔
وفد کی قیادت ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر شاکر عمر گجر کر رہے ہیں، وفد اس سیکٹر کی بڑی نمائش EuroTier 2024 میں شرکت کیلئے آیا ہے۔
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر کے مطابق یورپی یونین نے وفد میں شامل 18 افراد کو اسپانسر کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کے دورے کا مقصد جانوروں کی بہتر نشو نما، اچھی دیکھ بھال اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کی تکنیک سمجھنا اور فامرز کو ایجوکیٹ کرنے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
انہوں نے اس حوالے سے یورپی یونین کے ادارے انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر سے تشکر کا اظہار کیا جن کی وجہ سے ڈیری فارمرز کو دوسرے ملکوں میں جانے اور وہاں سے براہ راست سیکھنے کا راستہ کھلا ہے۔