0

عید سیزن پر تاریخ کی بدترین مندی

کراچی: تاجروں نے 2024 عید سیل سیزن گزشتہ سال سے بھی ذیادہ مایوس کُن قرار دے دیا۔

چئیرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ عیدسیزن بری طرح فلاپ ہو گیا، خریداری 40 فیصد تک محدود رہی مارکیٹوں میں ملکی تاریخ کی بدترین مندی نے تاجروں کے ہوش اڑا دیئے۔

عتیق میر نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں بمشکل سوا کروڑ افراد عید پر نئے کپڑے خرید سکے، اعصاب شکن مہنگائی سے خریداروں کی قوتِ خرید شدید متاثر ہوئی، بازاروں میں چہل پہل، گہما گہمی اور رونقوں کے باوجود حسبِ روایت خریداری نہ ہوسکی۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجر 15تا 18 ارب روپے کا مال فروخت کرنے میں کامیاب ہو سکے عید پر فروخت کیلئے گوداموں میں جمع کیا گیا 70فیصد سے زائد سامان دھرا کا دھرا رہ گیا، تباہی سے دوچار کاروبار، محدود آمدنی اور تسلسل کے ساتھ بڑھتی ہوئی ہوشربا اور ناقابلِ برداشت مہنگائی عوام کی عید کی خوشیاں بھی نگل گئی۔

انہوں نے بتایا کہ 80فیصد خریداری خواتین اور بچوں کے کپڑوں اور جوتوں کیلئے کی گئی، عید شاپنگ کے حوالے سے مخصوص اور معروف تجارتی علاقوں کلفٹن، صدر، طارق روڈ، حیدری، گلشنِ اقبال، ناظم آباد، ملیر، لانڈھی، گلستانِ جوہر، لیاقت آباد، بہادر آباد، جوبلی، جامع کلاتھ، اولڈ سٹی اور دیگر علاقوں کی مارکیٹیں خریداروں کی منتظر رہیں۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply