آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررزایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر2024) کے دوران 2.14ملین ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 22فیصدزیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کی برآمدات کاحجم 1.75ملین ٹن ریکارڈکیاگیا،ستمبرمیں سیمنٹ کی برآمدات کاحجم 0.98ملین ٹن ریکارڈکیاگیا جواگست کے مقابلہ میں 59فیصد اورگزشتہ سال ستمبرکے مقابلہ میں 72فیصدزیادہ ہے، اگست میں 0.61ملین ٹن اورگزشتہ سال ستمبرمیں 0.57ملین ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں سیمنٹ کی کھپت کامجموعی حجم 10.27ملین ٹن ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کاحجم 11.88ملین ٹن ریکارڈکیاگیاتھا۔