اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق سوموار کو کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کا معمولی اضافہ ہوا۔
جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 278 روپے 54 پیسے سے بڑھ کر 278 روپے 64 پیسے ہو گئی۔
کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 10 پیسے سستا ہونے کے بعد 278 روپے 44 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے آخر کاروباری روز کے اختتام پر ڈالر 10 پیسے کی کمی کے بعد 278 روپے 54 پیسے پر بند ہوا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 278 روپے 25 پیسے اور قیمت فروخت 279.75 روپےرہی۔
دوسری جانب صرافہ مارکیٹ میں آج سونے کی قیمت مستحکم رہی ۔ ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 62 ہزار 500 روپے پربرقرار ہے۔
10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 25 ہزار 51 روپے مستحکم رہی۔ اس کے علاوہ عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت 2503 ڈالر فی اونس مستحکم رہی۔
علاوہ ازیں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 79 ہزار کی حد بحال ہو گئی ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، 100 انڈیکس 515 پوائنٹس بڑھ کر 79 ہزار 3 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
گزشتہ ہفتے آخری کاروباری دن کے اختتام پر اسٹاک مارکیٹ 78 ہزار 488 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔