پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سفیر تعینات کرنے کے فیصلے کے بعد افغان طالبان حکومت نے بھی پاکستان میں اپنا سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغان حکومت نے اسلام آباد میں موجود اپنے ناظم الامور کو سفیر کے درجے پر ترقی دینے کا اعلان کر دیا۔
افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اور یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کی راہ ہموار کرے گا۔
پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سفیر کی تعیناتی کا فیصلہ حالیہ سفارتی روابط میں بہتری اور باہمی مشاورت کے بعد سامنے آیا ہے جسے علاقائی سطح پر ایک مثبت پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر یہ پیشرفت تجارتی، سیکیورٹی اور مہاجرین جیسے اہم معاملات پر براہ راست بات چیت کے دروازے کھولنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور عبیدالرحمان نظامانی کو سفیر کا درجہ دیا تھا۔ پاکستان نے 2021 میں افغان طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار افغانستان میں اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔









