ٹی 20 ورلڈ کپ شروع ہونے کا وقت آن پہنچا ہے میگا ایونٹ میں کئی ریکارڈ بھی کھلاڑیوں کے نشانے پر ہوں گے جو پاش پاش ہوسکتے ہیں۔
کھیل میں ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں۔ کچھ ریکارڈ دنوں میں تو کئی ریکارڈ ٹوٹنے میں سالوں لگ جاتے ہیں۔ یکم جون سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز ہو رہا ہے جس کے لیے کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ میں جوش وخروش بڑھتا جا رہا ہے۔
میگا ایونٹ میں جہاں کھلاڑی ورلڈ کپ جیتنے کا خواب لیے شرکت کریں گے اور اس کے لیے خوب سے خوب تر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے وہیں کچھ ایسے ریکارڈز بھی ہیں جو اس ٹورنامٹ میں ٹوٹ سکتے ہیں۔
تیز ترین سنچری:
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ تیز ترین کرکٹ فارمیٹ ہے اور ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔
اب تک ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کے سابق جارح مزاج کھلاڑی کرس گیل کے پاس ہے جو میگا ایونٹ میں دو سنچریاں بنانے والے واحد کرکٹر بھی ہیں۔
کرس گیل نے 47 اور 50 گیندوں پر سنچریاں بنا رکھی ہیں لیکن کرکٹ جتنی تیز ہوگئی ہے، ایسے میں یہ ریکارڈ خطرے میں نظر آتا ہے کیونکہ نیپال کے جان نکول لوفٹی نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی میچ میں صرف 33 گیندوں پر سنچری بنا کر نیا ریکارڈ بنایا ہے۔
ایک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز:
ٹی ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی بھارت کے ویرات کوہلی کے نام ہے جنہوں نے 2014 میں 6 میچز میں 319 رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد دلشن تلکا رتنے 317 (2009)، بابر اعظم 303 (2021) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
تاہم ورلڈ کپ 2024 میں 20 ٹیمیں اور میچز بھی زیادہ ہیں اس لیے اس سیزن میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹنے کا قوی امکان ہے۔
ایک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں:
اب تک سری لنکا کے ہسارنگا اس فہرست میں سب سے آگے ہیں جنہوں نے 2021 میں 16 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے پیچھے ہم وطن اجینتھا مینڈس ہیں جنہوں نے 2012 میں 15 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا ہے۔
سب سے چوکوں کا ریکارڈ:
ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے زیادہ رنز چوکے لگانے کا ریکارڈ سابق سری لنکن کرکٹر مہیلا جےوردھنے کے نام ہے جنہوں نے مختصر ترین فارمیٹ میں 113 چوکے لگانے ریکارڈ اپنے نام کر رکھا ہے جو اس سیزن میں ٹوٹ سکتا ہے۔
ان کے پیچھے بھارت کے ویرات کوہلی ہیں جنہوں نے اب تک 103 چوکے لگا رکھے ہیں اور ممکنہ طور پر وہ ہی یہ ریکارڈ توڑنے کے سب سے زیادہ قریب ہیں جب کہ بھارتی کپتان روہت شرما نے 91 چوکے لگا رکھے ہیں۔
بطور فیلڈر سب سے زیادہ کیچز:
ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلوں میں بطور فیلڈر سب سے زیادہ کیچز تھامنے والے کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز ہیں، جنہوں نے 23 کھلاڑیوں کو کیچ کر کے پویلین بھیجا۔ ان کے بعد روہت شرما اور گلین میکسویل ہیں جنہوں نے 16، 16 تھام رکھے ہیں اور یہی دونوں اس ریکارڈ کو توڑنے کے قریب تر ہیں۔