0

پاک بھارت ٹاکرے میں دہشت گردی کا خطرہ

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شیڈول پاک بھارت میچ کے حوالے سے تشویشناک رپورٹ سامنے آئی ہے، جس کے مطابق میچ سے قبل دہشت گردی کا خطرہ بتایا جارہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے جہانزیب علی کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر نیویارک انتظامیہ نے اسٹیڈیم کی سیکیورٹی بڑھادی ہے۔

گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کیا گیا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں تاہم اس وقت عوامی تحفظ کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔

ترجمان گورنر آفس کے مطابق انتظامیہ قانون نافذ کرنے والےحکام کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے، عوام کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم پُرعزم ہیں کہ ٹی20ورلڈ کپ محفوظ اور یادگار ثابت ہوگا، یاد رہے کہ اس میگا ایونٹ میں پاک بھارت ٹاکرا 9جون کو نیویارک میں شیڈول ہے۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیراہتمام ٹی 20 ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن یکم سے 29 جون تک ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلا جائے گا۔

کون سی ٹیم کس گروپ میں ہے؟

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، آئرلینڈ، امریکا، انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، اومان، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، پاپوا نیوگنی ،یوگنڈا، جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور نیدر لینڈز سمیت 20 ٹیمیں شامل ہیں۔

ان ٹیموں کو چار مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، آئر لینڈ اور امریکا شامل ہیں۔

گروپ بی میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ اور اومان کو رکھا گیا ہے۔

گروپ سی میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، پاپوانیوگنی اور یوگنڈا شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور نیدر لینڈز شامل ہیں۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply