0

پاکستان کی تیاریاں بارش کی نذر ہونے لگیں

پاکستان نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے انگلینڈ کی سیریز کو اہم قرار دیا تھا تاہم بارش نے گرین شرٹس کی میگا ایونٹ کی تیاریوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

یکم جون سے شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے میگا ایونٹ میں شریک 20 ٹیموں میں پاکستان واحد ٹیم تھی جس نے 24 مئی کو سب سے آخر میں اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا جس کی وجہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ میں قومی ٹیم کی تیاریوں کو جانچنا اور میگا ایونٹ کے لیے کمبی نیشن تشکیل دینا تھا۔

تاہم انگلینڈ میں چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے تین میں سے دو میچز بارش کی نذر ہو گئے جب کہ ایک میچ میں میزبان ٹیم نے فتح حاصل کی یوں پی سی بی اور ٹیم انتظامیہ کا مقصد پورا نہ ہو سکا۔

پاک انگلینڈ سیریز کا پہلا میچ ہیڈنگلے میں بارش کی نظر ہوا۔ دوسرا میچ برمنگھم میں میزبان انگلینڈ نے 23 رنز سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی جب کہ کارڈف میں تیسرے میچ بھی بارش نے ٹاس تک نہ ہونے دیا۔

اب سیریز کا آخری میچ جمعرات 30 مئی کو لندن میں شیڈول ہے لیکن اس روز بارش کی پیشگوئی ہے۔ اگر میچ بارش کی وجہ سے نہ ہوسکا تو پاکستان کی تیاریوں کو تو دھچکا لگے گا سیریز میں بھی ناکامی ہاتھ آئے گی۔

انگلینڈ سے سیریز کے باعث پاکستان نے میگا ایونٹ سے ہم آہنگ ہونے کے لیے امریکا میں وارم اپ میچز بھی گنوا دیے اور اب ٹیم سیدھا میزبان امریکا کے خلاف میدان میں اترے گی جو چند روز قبل بنگلہ دیش کو سیریز میں شکست دے کر دھول چٹا اور اپنے ارادے ظاہر کر چکی ہے۔

دوسری جانب آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کے دوران اوپنر صائم ایوب، آل راؤنڈر شاداب خان اور مڈل آرڈر وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ مڈل آرڈر ردھم میں نہیں آ رہا جب کہ خطرناک بولنگ اٹیک کے غبارے سے بھی آئرلینڈ نے بڑے اسکور کر کے ہوا نکال دی۔

شاداب کی مسلسل ناکامی کے باوجود مسٹری اسپنر ابرار احمد اب تک چانس کے منتظر ہیں۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تین فاسٹ بولرز کوں ہوں گے؟ کپتان اور منیجمنٹ اس حوالے سے کب ایک پیج پر آئیں گے؟ کسی کو کچھ پتہ نہیں ہے۔

اب میگا ایونٹ میں  تجربات کریں ، یا وہی کمبی نیشن آزمائیں ٹیم مینجمنٹ کیلیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply