اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انفرادی ریکارڈ پر قبضہ جما لیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں جب اپنے پہلے ہی اوور میں کیوی اوپنر ٹام بلنڈل کو آؤٹ کیا تو یہ پہلے ہی اوور میں ان کی 50 ویں وکٹ تھی۔
دنیائے کرکٹ کا یہ منفرد اعزاز حاصل کرنے پر لیفٹ آرم پیسر نے اسٹیڈیم میں موجود شعیب اختر کو وکٹ کے حصول پر ان کا انداز اپنا کر خراج تحسین بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ بھارتی پیسر بھونیشور کمار اب تک اپنے پہلے اوور میں 43 شکار کرچکے ہیں۔ انگلینڈ کے ڈیوڈ ویلی 41 جبکہ دیگر پاکستانی پیسرز محمد عامر اور سہیل تنویر بالترتیب 38 اور 35 وکٹیں اڑانے میں کامیاب رہے ہیں۔