0

نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 179 رنز کا ہدف

لاہور: چوتھے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دے دیا۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے چوتھے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا۔

اوپنر ٹم روبنسن نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈین فوکس کروفٹ 34 رنز بنا کر اسامہ میر کا نشانہ بنے، ٹام بلنڈیل 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

مارک چیپمن کو 9 رنز پر افتخار احمد نے پویلین کی راہ دکھائی۔ جمی نیشم نے 11 رنز بنائے اور کپتان مائیکل بریسویل 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، زمان خان، محمد عامر، اسامہ میر اور افتخار احمد ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

قومی ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی تھیں، محمد رضوان اور عرفان خان انجرڈ ہیں جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور شاہین آفریدی کو آرام دیا گیا۔

گرین شرٹس میں محمد عامر، فخر زمان، زمان خان، اسامہ میر اور عماد وسیم کو شامل کیا گیا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لاہور میں اوس پڑتی ہے جس کی وجہ سے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، 170 سے 180 رنز اس پچ پر مناسب اسکور ہوگا، کوشش کریں گے پاور پلے کا اچھا استعمال کریں۔

کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے اچھا اسکور بنائیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے جبکہ پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply