وسطی لندن میں فوجی مشقوں کے دوران گھوڑے اچانک بدک گئے جس سے 4 سپاہی زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ روز بکنگھم پیلس کے قریب معمول کی فوجی مشقوں کے دوران 5 فوجی گھوڑے بدک کر فرار ہوگئے۔ فرار ہونے کے تقریباً دو گھنٹے بعد انہیں پکڑ لیا گیا تاہم اس دوران کم از کم چار افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بکنگھم پیلس کے قریب ایک عمارت میں تعمیراتی کام جاری تھا جہاں اچانک کنکریٹ کے گرنے کی آواز سے گھوڑے گھبرا گئے۔ ہاؤس ہولڈ کیولری سے تعلق رکھنے والے گھوڑوں نے دوڑ لگا دی جس کی وجہ سے افراتفری مچ گئی۔
بدک جانے والے گھوڑوں نے سڑک پر کھڑی ٹیکسی کی کھڑکی بھی توڑ ڈالی اور ایک ڈبل ڈیکر بس کی ونڈ اسکرین کو توڑا۔ واقعے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
خیال رہے کہ ہاؤس ہولڈ کیولری برطانوی فوج کی وہ یونٹ ہے جو 1660 سے برطانوی بادشاہوں کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔