0

ویرات کوہلی کو سیکیورٹی تھریٹ! گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کا اہم بیان

گزشتہ روز بھارتی کرکٹ سپر اسٹار ویرات کوہلی کو سیکیورٹی تھریٹ تھا اس حوالے سے گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کا اہم بیان سامنے آ گیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اختتام کی جانب گامزن ہے۔ ایسے میں گزشتہ روز بھارتی کرکٹ سپر اسٹار ویرات کوہلی کو سیکیورٹی تھریٹ کے بعد پریکٹس میچ منسوخ کر دیا گیا تھا اور پولیس آفیسر وجے سنگھا کا کہنا تھا کہ پریکٹس سیشن اور پریس کانفرنس کو منسوخ کرنے کی بنیادی وجہ ویرات کی سیکورٹی تھی، ویرات ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور اس لیے ہم کسی طرح کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔

تاہم آج اس حوالے سے گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز رائل چیلنجرز بنگلورو نے احمد آباد میں اپنا پریکٹس میچ سیکیورٹی تھریٹ کے باعث نہیں بلکہ ہیٹ ویو کے باعث منسوخ کیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا نے گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیان کو رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کی صحت کو پریکٹس پر ترجیح دی۔

گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری انیل پاٹیل نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ کوئی سکیورٹی تھریٹ نہیں تھا۔ ہم نے دونوں ٹیموں کے لیے انتظامات کر رکھے تھے۔ آر سی بی نے شہر میں ہیٹ ویو کی وجہ سے پریکٹس منسوخ کی۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply