0

شاہین شاہ نے محمد رضوان کو ٹی 20 کرکٹ کا بریڈ مین قرار دے دیا

پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹی 20 کرکٹ میں اب تک بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس پر انہیں اس فارمیٹ کا ڈان بریڈ مین قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان کی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ دو میچز سے باہر ہوچکے ہیں تاہم دوسرے میچ میں انہوں نے بڑا کارنامہ انجام دیا اور سب سے کم میچز میں 3 ہزار رنز مکمل کر کے ویرات کوہلی اور بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے پر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کھلاڑیوں کے ساتھ محمد رضوان کو پارٹی دی جس میں وکٹ کیپر بیٹر نے کیک کاٹ کر اپنے عالمی ریکارڈ کا جشن منایا۔

اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کو کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے نام سر ڈان بریڈ مین سے تشبیہہ دے ڈالی۔

Image

اسٹار فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ڈان بریڈ مین اور پاکستان کرکٹ کے سپر مین نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔

شاہین شاہ نے مزید لکھا کہ ان کی پرفارمنس کے اثرات سے کھیل کا انداز بدلا۔ رضوان ایک چیمپئن اور دوسروں کے لیے مثال ہیں وہ اپنی اڑان جاری رکھیں۔

واضح رہے کہ ڈان بریڈ مین دنیائے کرکٹ کے وہ واحد عظیم ترین کرکٹر ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کی طرف سے کھیلتے ہوئے 52  ٹیسٹ مقابلوں میں 99.94 کے اوسط سے 6996 رنز بنائے۔

اگر وہ 1949 کو اوول میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ایشز سیریز کے ٹیسٹ میچ میں جو ان کا آخری میچ تھا صفر پر آؤٹ نہ ہوتے تو ان کی اوسط 100 ہوتی۔ تاہم اب تک دنیا کا کوئی بھی کرکٹر 99.94 کی اوسط کے قریب بھی نہیں پہنچ سکا ہے۔

ڈان بریڈ مین کی اعلیٰ خدمات پر انہیں 1949 میں سر کا خطاب دیا گیا جب کہ 1979 میں انہیں آسٹریلیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز کمپینین آف دی آرڈر آف آسٹریلیا سے نوازا گیا۔ وزڈن نے انہیں صدی کے بہترین کرکٹ کے خطاب سے بھی نوازا۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply