0

امپائر سے بدتمیزی کرنے پر بھارتی بورڈ نے کوہلی کیخلاف انتہائی قدم اٹھا لیا!

بھارتی کرکٹ بورڈ نے سپراسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی جانب سے دوران میچ ایمپائر سے بدتمیزی کرنے پر ان کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا۔

ویرات کوہلی نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف رائل چیلنجرز بنگلورو کے اہم میچ میں آؤٹ دیے جانے پر غصے کے اظہار کے ساتھ امپائر سے بدتمیزی کی تھی۔ بی سی سی آئی نے کوہلی کی حرکت کے بعد ان پر بھاری جرمانہ عائد کردیا ہے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’رائل چیلنجرز بنگلورو کے بیٹر، مسٹر ویرات کوہلی نے ایڈن گارڈنز میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف آئی پی ایل 2024 کے میچ 36 کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، ان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ کے آفیشل بیان میں بتایا گیا کہ کوہلی نے آئی پی ایل کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.8 کے تحت لیول ون کا جرم کیا ہے۔

آر سی بی کے سابق کپتان نے میدان میں اپنے جرم کو قبول کرلیا ہے اور میچ ریفری کی سزا کو قبول کیا ہے۔

جاری بیان میں آئی پی ایل کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کے لیے میچ ریفری کا فیصلہ حتمی اور اس کی پابندی کی جائیگی۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل 2024 کے ایک میچ کے دوران بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی متنازع آؤٹ دیے جانے پر میدان میں امپائرز پر برہم ہو گئے تھے۔

مذکورہ واقعہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے میچ کے دوران اس وقت پیش آیا تھا جب تھرڈ امپائر کی جانب سے ایک قدرے اونچی گیند پر کوہلی کو آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply