0

بابر اعظم نے ایک اور عالمی ریکارڈ پر قبضہ جما لیا

پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ گنوا دیا لیکن کپتان بابر اعظم نے اس میچ میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے قبضے میں لے لیا۔

گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جب قومی کپتان بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو انہیں بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے 28 رنز درکار تھے۔

بابر اعظم نے اس میچ میں 37 رنز کی اننگ کھیلی تاہم جب انہوں نے انفرادی 28 واں رنز بنایا تو بحیثیت کپتان ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر کا اعزاز اپنے نام کر چکے تھے۔

اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کے پاس تھا جنہوں نے 76 اننگز میں 2236 رنز بنائے تھے جب کہ بابر اعظم نے یہ ریکارڈ اپنی 67 ویں اننگ میں توڑا۔

قومی کپتان اب تک 105 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 3749 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے اس فارمیٹ میں ٹاپ جب کہ دنیا کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے پاس رکھتے ہیں۔

دنیا میں ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز ویرات کوہلی کے پاس ہے جنہوں نے 4037 رنز بنا رکھے ہیں جب کہ بھارتی کپتان روہت شرما اس فہرست میں 3974 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

بابر اعظم کو کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 289 رنز کی ضرورت ہے۔

Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply