غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کے شمال مغربی علاقے میں آنے والے طوفان کے باعث ہمسائے ملک کینیڈا کو بھی بجلی کی فراہمی میں خلل اور بڑے پیمانے پر تعطل کا سامنا کرنا پڑا۔
طوفان کی وجہ سے ریاست واشنگٹن میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق بم طوفان میں 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث کئی درخت اکھڑ گئے اور بجلی کی لائنوں کو بھی نقصان پہنچا۔ جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
شدید موسم کی وجہ سے مغربی واشنگٹن کے اسکولوں میں بھی تدریسی عمل متاثر ہوا اور بہت سے اسکولوں نے کلاسیں منسوخ یا ملتوی کر دیں۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے مطابق واشنگٹن، جنوب مغربی اوریگون اور شمالی کیلیفورنیا میں 5 لاکھ 30 ہزار سے زائد گھر اور کاروبار بجلی سے محروم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
مقامی حکام نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں کیونکہ درخت اور بجلی کی لائنیں گرنے سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ بیلیویو میں فائر ڈپارٹمنٹ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نچلی منزلوں پر پناہ لیں اور کھڑکیوں سے باہر جھانکنے سے گریز کریں۔
امریکی نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے شمالی کیلیفورنیا اور جنوب مغربی اوریگون میں “جان لیوا سیلاب” کی وارننگ جاری کرتے ہوئے جمعرات کو طوفان کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی۔