پُرتشدد مظاہروں کے بعد ملک بھر میں کل صبح تک کرفیو نافذ کر دیا گیا، سڑکوں پر فوج کا گشت جاری ہے، شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سنگین صورتحال کے باعث ملک بھر میں آج اتوار اور کل پیر کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ، انٹرنیٹ، ٹیکسٹ میسج اور اوورسیز کال سروسز جمعرات سے معطل ہیں۔
علاوہ ازیں بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے بیرون ملک دورے منسوخ کر دیئے، جبکہ سپریم کورٹ میں کوٹہ سسٹم بحالی کے خلاف سماعت کل ہو گی۔
دوسری جانب امریکہ نے اپنے شہریوں کو بنگلہ دیش کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے ، اس کے علاوہ ایک ہزار بھارتی طلباء بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت واپس چلے گئے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دیئے جانے کے خلاف گزشتہ کئی روز سے طلبہ کا احتجاج جاری ہے اورکوٹہ سسٹم مخالف طلبہ کی پولیس اور حکمران جماعت عوامی لیگ کے طلبہ ونگ سے جھڑپیں ہو رہی ہیں۔









