افریقی ملک وسطی افریقی جمہوریہ میں کشتی اُلٹنے سے 58 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہو گئے، کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ دارالحکومت بینگوئی میں اس وقت پیش آیا جب صوبہ مپوکو میں ایک کشتی کسی عزیز کی تدفین کے سلسلے میں 300 سے زائد افراد کو ایک گاؤں موکیلو جاتے ہوئے الٹ کر ڈوب گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق کشتی میں گنجائش سے زیادہ 300 سے زائد مسافر سوار تھے، کئی افراد جگہ نہ ہونے کے باعث کشتی کے کنارے پر کھڑے ہوئے تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 58 لاشیں نکال لی ہیں، ڈوبنے والوں کی کُل تعداد معلوم نہیں ، مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر کچھ لوگوں کو بچا لیا تاہم درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔