0

اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو کی شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی

ممبئی (این این آئی)بھارت کے معروف موسیقار و گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق معروف موسیقار اے آر رحمان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی۔ تاہم شادی کے 29 سال بعد ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔رپورٹ کے مطابق سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں جذباتی دباؤ کے باعث لیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود اس رشتے میں پیدا ہونے والے تناؤ اور مشکلات نے ایک ناقابل عبور خلیج پیدا کر دی ہے، جسے اس وقت دونوں فریقین ختم کرنے سے قاصر ہیں۔سائرہ بانو نے اپنے جذباتی حالات کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے رازداری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ تکلیف اور اذیت کے عالم میں لیا گیا ہے۔ میں عوام سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ میرے اس مشکل دور میں سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور ہمیں سکون سے رہنے دیں۔دوسری جانب موسیقار اے آر رحمان نے اس اعلان پر فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔خیال رہے کہ اے آر رحمان کی سائرہ سے شادی 1995 میں ہوئی تھی، دونوں کے 3 بچے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply